Monday, July 31, 2023

Super Moon


Super Moon 


ماہِ اگست میں 2 "بدرِ اعظم“ (Super Moons) کا نظارہ
ویسے تو ایک ہی مہینے میں 2 ”بدرِ کامل“ (Full Moons) کا نظر آ جانا ہی بڑی نایاب بات ہے؛ اسی لئے ایسی صورتِ حال کو Blue Moon کہا جاتا ہے اور انگریزی کا محاورہ "Once in a Blue Moon" اسی نایاب موقع کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
لیکن اس سال 2023ء کا ماہِ اگست تو کچھ زیادہ ہی کمالات دکھا رہا ہے۔ اس مہینے میں نہ صرف 2 بدرِ کامل آئیں گے بلکہ دونوں ہی ”بدرِ اعظم“ یا Super Moon ہوں گے۔
اب یہ بدر اعظم یا Super Moon کیا ہوتا ہے؟
چاند جس مدار میں زمین کے گرد گردش کرتا ہے وہ مکمل گول نہیں بلکہ ہلکا سا بیضوی ہے اور چاند کا زمین سے فاصلہ اپنے مدار میں گردش کے دوران ہمیشہ ایک جتنا قائم نہیں رہتا بلکہ یہ فاصلہ کم یا زیادہ ہوتا رہتا ہے؛ اگرچہ چاند کا زمین سے اوسط فاصلہ تقریباً 3,82,500 کلومیٹر گردانا جاتا ہے
جب چاند گردش کرتا ہوا اپنے مدار میں زمین سے ممکنہ قریب ترین فاصلے یعنی 3,60,000 کلومیٹر یا اس سے کم فاصلے پر آجائے اور اس دوران بدرِ کامل (Full Moon) بھی وقوع پذیر ہو جائے تو ایسے بدرِ کامل کو بدرِ اعظم (Super Moon) کہا جاتا ہے۔
جبکہ چاند کا فاصلہ جب زمین سے 4 لاکھ کلومیٹر سے بھی بڑھ جائے اور ایسی صورت میں بدرِ کامل آ جائے تو یہ بدرِ اصغر (Micro Moon) کہلاتا ہے۔
تو جناب ماہ اگست میں "بدرِ اعظم" (Super Moon) کا نظارہ ایک دفعہ نہیں بلکہ دو دفعہ کیا جاسکے گا۔ ایک دفعہ ماہِ اگست کے آغاز پر یا یکم اگست کی رات اور ایک دفعہ ماہ اگست کے اختتام پر یعنی 31 اگست کی شب کو کیا جاسکے گا۔
بدرِِ اعظم عام چاند کے مقابلے میں تقریباً %14 بڑا اور %30 زیادہ روشن ہوتا ہے اور آسمان میں نہایت دلفریب اور پرکشش نظارہ پیش کرتا ہے۔ یکم اگست کا چاند زمین سے تقریباً 3,57,500 کلومیٹر اور 31 اگست کا چاند زمین سے 3,57,200 کلومیٹر دوری پر ہوگا۔
چنانچہ اپنے کیلنڈر / موبائل فون پر یاددہانی کا الارم لگا لیں اور اس نایاب اور خوبصورت نظارے کا لطف ضرور اٹھائیں، کیونکہ Blue Moon کے ساتھ Super Moon کا حسین امتزاج بہت کم کم ہی دیکھا جاتا ہے۔

No comments:

Post a Comment